ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بار بار بجلی چلے جانے سے پریشان ہوناور تعلقہ کے عوام نے ہیسکام دفتر کا گھیراؤکیا

بار بار بجلی چلے جانے سے پریشان ہوناور تعلقہ کے عوام نے ہیسکام دفتر کا گھیراؤکیا

Sat, 11 Jun 2016 15:55:47  SO Admin   (ایس او نیوز)


ہوناور 11؍جون (ایس او نیوز)بجلی فراہم کرنے والی کمپنی ہیسکام نے مناسب اور بغیر رکاوٹ کے بجلی جاری رکھنے کے چاہے کتنے وعدے کیے ہوں، لیکن دن بدن حالت بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے۔ ابھی حال ہی میں ہیسکام والوں نے اعلان کیا تھا کہ بارش سے پہلے لائن کی درستی، کھمبوں کی تبدیلی وغیر ہ کا کام بڑی حد تک پورا ہوچکا ہے اور ایمرجنسی میں بھی فوری راحت پہنچانے کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔لیکن آئے دن بجلی کی آنکھ مچولی تیز ہوتی جارہی ہے۔
بجلی فراہمی کی اس خراب صورتحال سے پریشان ہوناور تعلقہ کے موڈکنی، ہیرانگڈی،الّنکی،اوپّونی اور اطراف کے سینکڑوں افراد نے جمعہ کے دن ہیسکام کے دفتر کا گھیراؤ کیا ۔احتجاج پر آمادہ عوام نے ہیسکا م کے افسران کوہاڑے ہاتھوں لیتے ہوئے بجلی کے بار بار چلے جانے سے ہونے والی تکلیف پر اپنی برہمی کا اظہارکیا۔ان کا کہنا تھاکہ گزشتہ دس دنوں سے ان علاقوں میں بجلی صحیح ڈھنگ سے سپلائی نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو بے انتہا دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔لیکن ہیسکام کے افسران کوئی اقدام نہیں کررہے ہیں۔اہلکار بگڑی ہوئی لائن درست کرنے کے لئے وقت پر نہیں پہنچتے ہیں۔ٹیلی فون پر شکایت کرنا چاہیں تو ٹیلی فون ریسیو نہیں کیا جاتایا پھر کوئی ڈھنگ کا جواب نہیں دیا جاتا۔جب دیکھو ایک ہی طرح کے جواب ملتے ہیں کہ مین لائن گئی ہے یا انسولیٹر خراب ہوگیا ہے۔
اس موقع پراسسٹنٹ ایکزیکٹیو انجینئر کمار اچار نے احتجاجی عوام کو سمجھا بجھا کر ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی اور یقین دلایا کہ تین چا ر دنوں کے اندر اس علاقے کے مسائل کو حل کردیا جائے گا۔اس موقع پر پولیس کے افسران نے بھی حالات کو قابو میں رکھنے کی پوری کوشش کی۔ احتجاجی ہجوم کی قیادت کرنے والوں میں خواجہ بن گوڈ،جون گیرسوپا، منجو اپونی،ونائک نائک، خلیل، خواجہ باپوجی، جعفر سدی،متین آپکار، بھرت نائک وغیرہ شامل تھے۔


Share: